بھٹکل :29؍نومبر(ایس اؤ نیوز) پڑوسی علاقہ شیرور میں شیرور کے معروف این آر آئی اور محب تعلیم مرحوم سید عبد القادر باشو کے خوابوں کے منصوبے کے تحت قائم کئے گئے خصوصی بچوں کی تعلیم اور ان کی باز آبادکاری کا ادارہ ’’دینا اسکول فور اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیا بلیٹیشن ‘‘ کی جدید سہولیات سے آراستہ نئی عمارت کابروز سنیچر 27نومبر 2021کو افتتاح عمل میں آیا ۔
شیرور کے محی الدین پور سید میراں میمورئیل چارٹیبل ٹرسٹ کے کیمپس میں تعمیر کردہ نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے مشہور کنڑا روزنامہ کےمدیر اعلیٰ عبدالسلام پتگے نے کہاکہ مرحوم عبدالقادر باشو کی مخلصانہ اور دو راندیشی کا نتیجہ ہے کہ ایک چھوٹے سے شہر میں ایسی خصوصی تعلیم گاہ کا قیام عمل میں آیا ہے۔ بڑے بڑے شہروں میں بھی ایسی تعلیم گاہیں نہیں ملتیں ، جو شیرور میں مل رہی ہیں۔ انہوں نے شیرور کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کار خیر میں تعاون کرنے پر سراہنا کی۔
عبدالسلام نے کہاکہ خصوصی بچوں کی نگرانی ، تعلیم ، تربیت کیسے کی جاتی ہے اس تعلق سے مسجد، مندر اور چرچ میں عوام کو درس دینا چاہئے۔ خصوصی بچوں کو یکساں مواقع میسر ہونے چاہئے، انہیں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ ایسے تعلیمی اداروں کا قیام ایک نیک فعال ہے۔
کنداپور کے ماتاشری اسپتال کی ماہر نفسیات ڈاکٹر جاہنوی نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ انسان کے لئے جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت بھی اہم ہے۔ والدین وسرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اپنے خصوصی بچوں کی طرف خاص توجہ دیں ۔ امپارو وگھوجیوتی خصوصی اسکول کے صدر مدرس رویندر ایچ نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ پورے ضلع میں ایک بہترین عمارت کی تعمیر کرتے ہوئے ادارے نے خصوصی بچوں کو بہت ساری سہولیات فراہم کی ہیں۔ اُڈپی ضلع میں کل 14خصوصی اسکول ہیں اور اتنے اسکول کسی اور ضلع میں نہیں ہیں، جس سے پتہ چلتاہے کہ اُڈپی ضلع کے عوام انسانی خدمات کا نیک جذبہ رکھتے ہیں ۔ حکومت کو چاہئےکہ وہ خصوصی اسکولوں کی نشان دہی کرتےہوئے انہیں امداد فراہم کرے۔
گنگولی توحید ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر عبدالخالق نے پروگرام کی صدارت کی۔ مہمان خصوصی کے طورپر بھٹکل کے ماہر اطفال ڈاکٹر محمد یسین محتشم ، مقامی شخصیات ایس ایم سعید، ایس ایم جعفر ، ایس ایم اجمل وغیرہ موجود تھے۔ گنگولی کی توحید ایجوکیشن ٹرسٹ نے متعلقہ ادارے کی ذمہ داری لی ہے۔ دِینا ادارے کی تعلیمی ڈائرکٹر فریدہ رضوان نے رپورٹ کی خواندگی کرنےکے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام میں اُڈپی سنہیا خصوصی اسکول کی صدر مدرسہ مالتی ہریش ادیاور کی تہنیت کی گئی ۔ توحید تعلیمی ادارے کے ڈائرکٹر ڈاکٹر امجد نے استقبال کرتےہوئے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ توحید ادارہ جات کے انتظامیہ افسر اختر احمد خان نے تعاون کیا ، دِینا اسکول کی صدر مدرس جاکسن نے شکریہ اداکیا۔